نجف اشرف / صراط ٹائمز ، نجف اشرف کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمٰی شیخ بشیر حسین نجفی دام ظلہ نے ایران پر صیہونی حکومت کے اس حملے کو بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور اسلامی حرمت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔
آیت اللہ بشیر نجفی دام ظلہ نے اپنے بیان میں فرمایا: “ہم ایران پر ہونے والے اس ظالمانہ اور بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ فقط ایران پر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے وقار، عزت اور مزاحمتی شعور پر حملہ ہے۔اسرائیل کی یہ کارروائی اس کے جارحانہ طرز عمل اور انسانیت سوز ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔
ہم ایران کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ہم رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای دامت برکاته، ایرانی قوم اور مزاحمتی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ : عالم اسلام کو چاہیے کہ اس کھلی جارحیت کے خلاف ایک واضح، متحد اور بیدار مؤقف اختیار کرے، کیونکہ آج ایران ہے، کل کوئی اور ہوگا۔ خاموشی خیانت بن جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ: ہم حوزات علمیہ، علمائے کرام اور تمام دینی اداروں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس اہم اور نازک موقع پر اپنی شرعی، انسانی اور اخلاقی ذمہ داری کو نبھائیں اور امت کو بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
