0

امام حسینؑ پر رونا سعادت ہے، مگر امام حسینؑ کی تعلیمات پر چلنا نجات ہے۔

  • نیوز کوڈ : 3168
  • 12 July 2026 - 21:36
امام حسینؑ پر رونا سعادت ہے، مگر امام حسینؑ کی تعلیمات پر چلنا نجات ہے۔

امام حسینؑ پر رونا سعادت ہے، مگر امام حسینؑ کی تعلیمات پر چلنا نجات ہے۔

 تحریر : مولانا سید عمار حیدر زیدی قم المقدسہ

محرم صرف ایک مہینہ نہیں، یہ انسان کی سوچ کو جھنجھوڑنے والی ایک تحریک ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حق اور باطل کی جنگ کبھی ختم نہیں ہوئی، صرف کردار بدلتے رہتے ہیں۔

ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ یزید صرف تاریخ کا ایک شخص تھا، حالانکہ یزید ایک سوچ کا نام ہے۔ جہاں طاقت کو حق پر ترجیح دی جائے، جہاں دین کو مفاد کے لیے استعمال کیا جائے، جہاں سچ بولنے والوں کو خاموش کرایا جائے، جہاں ظلم کو برداشت کرنا معمول بن جائے، وہاں یزید زندہ ہو جاتا ہے۔

اسی طرح حسینؑ بھی صرف تاریخ کا ایک نام نہیں، بلکہ ایک راستہ ہیں۔ جب کوئی نوجوان گناہ کے ماحول میں پاکدامنی اختیار کرتا ہے، جب کوئی تاجر دھوکہ چھوڑ کر امانت داری اپناتا ہے، جب کوئی عالم حق بات کہنے کے لیے نقصان برداشت کرتا ہے، جب کوئی ماں اپنی اولاد کو نماز، حیا اور ولایتِ اہل بیتؑ سکھاتی ہے، تب حسینؑ کا مشن زندہ ہوتا ہے۔

افسوس یہ ہے کہ ہم نے کربلا کو صرف آنسوؤں تک محدود کر دیا، جبکہ امام حسینؑ چاہتے تھے کہ ہمارے کردار بھی بدلیں۔ آنسو بہت قیمتی ہیں، مگر اگر آنکھ روئے اور ہاتھ ظلم کا ساتھ دے، زبان جھوٹ بولے، کاروبار میں خیانت ہو اور دل میں حسد ہو، تو ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم نے کربلا سے کیا سیکھا؟

امام حسینؑ نے ہمیں یہ نہیں سکھایا کہ صرف ظالم پر لعنت کرو، بلکہ یہ بھی سکھایا کہ خود کبھی ظالم نہ بنو، کسی مظلوم کو تنہا نہ چھوڑو، اور حق کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار رہو۔

آج محرم میں سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ ہم نے کتنی مجالس سنیں، بلکہ یہ ہے کہ کتنے گناہ چھوڑے؟ کتنے رشتے جوڑے؟ کتنے مظلوموں کا ساتھ دیا؟ کتنی بار اپنے نفس کے یزید کو شکست دی؟

یاد رکھیں! کربلا ختم نہیں ہوئی، صرف میدان بدل گیا ہے۔ آج بھی ہر انسان کے سامنے دو راستے ہیں: ایک حسینؑ کا اور دوسرا یزید کا۔

فیصلہ تلوار سے نہیں، کردار سے ہوگا۔

اگر ہم چاہتے ہیں کہ قیامت کے دن امام حسینؑ ہمیں اپنا مانیں، تو محرم کے بعد بھی ہماری زندگی میں سچائی، عدل، تقویٰ، نماز، حیا اور ولایتِ اہل بیتؑ باقی رہنی چاہیے۔

 امام حسینؑ پر رونا سعادت ہے، مگر امام حسینؑ کی تعلیمات پر چلنا نجات ہے۔

مختصر لنک: https://www.siraat-times.com/?p=3168

ٹیگز

تبصرے