1

آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی کا شدید ردِعمل

  • نیوز کوڈ : 2798
  • 12 April 2026 - 15:54
آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی کا شدید ردِعمل

آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی کا شدید ردِعمل

لبنان پر صہیونی حملوں کی مذمت، مسلم دنیا سے فوری حمایت کی اپیل

قم سے جاری اپنے ایک اہم پیغام میں آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے لبنان پر صہیونی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ، آزادگانِ عالم اور اسلامی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان کے مظلوم عوام اور مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی بھرپور حمایت کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ لبنان کے مختلف علاقوں پر صہیونی ریاست کے وحشیانہ حملوں اور سینکڑوں بے گناہ شہریوں—خصوصاً خواتین اور بچوں—کی شہادت و زخمی ہونے کی خبریں انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہیں۔

آیت اللہ مکارم شیرازی نے انسانی اصولوں کی کوئی پاسداری نے کرنے والی صہیونی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے اسپتالوں، بنیادی ڈھانچے اور غیر فوجی مراکز کو نشانہ بنا کر سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے، جس سے ہر باضمیر انسان کا دل مجروح ہوا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ امت مسلمہ، دنیا کے آزاد انسانوں اور اسلامی ممالک پر لازم ہے کہ وہ لبنان کے بے سہارا عوام اور حزب اللہ جیسی بہادر و مقاوم تحریک کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ جارحیت کے مقابلے میں کسی بھی قسم کی کمزوری یا سازش، ظلم کو مزید بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔

پیغام میں انہوں نے ایران کے ذمہ داران اور متعلقہ اداروں سے بھی توقع ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنے انسانی اور اسلامی فرائض کے تحت لبنان کے مظلوم عوام کی مدد اور ان کے دکھوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

آخر میں آیت اللہ مکارم شیرازی نے اس عظیم سانحے پر حضرت امام زمانہ (ارواحنا فداه) کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کی۔

مختصر لنک: https://www.siraat-times.com/?p=2798

ٹیگز

تبصرے