اسلام آباد/تہران
رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای کے ملک چھوڑنے سے متعلق حالیہ دنوں میں زیرِ گردش خبروں کو ایرانی سفیر نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹی، گمراہ کن اور دشمن کی منظم سازش قرار دیا ہے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن ایک بار پھر جعلی اور بے بنیاد اطلاعات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اس قسم کا پروپیگنڈہ دراصل میدانِ جنگ میں دشمن کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی افواج نے غیر معمولی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کا بھرپور دفاع کیا۔ اس دوران ایرانی فوجی اور اعلیٰ کمانڈرز نے وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گئے۔
ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایرانی سپریم لیڈر نہ صرف مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں بلکہ ہر مرحلے پر قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کے بقول رہبرِ انقلاب کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں حقیقت کے برعکس اور دشمن کی نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے میڈیا اور صحافیوں پر زور دیا کہ وہ غلط معلومات، افواہوں اور ڈیجیٹل دہشت گردی سے اجتناب کریں، کیونکہ درست اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ پیشہ ورانہ، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے اطلاعاتی جنگ تیز کر دی گئی ہے، تاہم ایرانی قوم، افواج اور قیادت کے درمیان مضبوط اتحاد ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے
