ملکی دفاع و استحکام ملی وحدت و یکجہتی میں پنہاں ہے مرکزی سیکرٹری جنرل
پریس ریلیز
6 ستمبر ہفتہ 2025ء اسلام آباد ( ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر’ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جس دن قوم کے بہادر سپوتوں نے اپنے سے کئی گنا زیادہ طاقتور اور عسکری وسائل سے آراستہ دشمن کو شکست سے دو چار کیا، یوم دفاع پاکستان، وطن کے دفاع اور جانبازوں کی عظیم قربانی کا دن ہے، ارض پاک سے تجدید عہد کیا جائے، وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، جنگ ستمبر ہو یا کوئی اور آزمائش کی گھڑی قوم اور پاک افواج نے نامساعد حالات، محدود جنگی سازوسامان کے باوجود ایسے کارہائے نمایاں انجام دئیے کہ دشمن پر سکتہ طاری ہو گیا۔ پاک فوج کے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے عالمی امن کے لیے ادا کیے گئے کردار کو سراہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء میں بھارت نے رات کی تاریکی میں کئی انفنٹری ڈویژن، ٹینکوں اور توپ خانے کی مدد سے 3 اطراف سے لاہور پر حملہ کیا لیکن ستلج رینجرز کے نوجوانوں نے بی آر بی نہر کا پل تباہ کر کے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے، دشمن کی صبح کا ناشتہ لاہور کرنے کی آرزو خاک میں مل گئی، وطن کے بہادر سپوتوں کے کارناموں کی لازوال داستانیں رہتی دنیا تک بہادری کی جاویداں مثالوں کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔ اقوام عالم کی نسبت وطن عزیز کا دفاع ابتدائی ایام سے ہی سازشوں اور مشکلات در مشکلات سے دوچار رہا ہے تاہم پاکستان قوم اور افواج نے ہمیشہ دلیری اور ہمت کی ایسی ایسی داستانیں رقم کیں جن کا بین الاقوامی سطح پر عسکری تاریخ میں ہمیشہ حوالہ دیا جاتا ہے۔۔
