38

آیت اللہ جوادی آملی: اصل ہجرت “علم سے معلوم کی طرف” ہے

  • نیوز کوڈ : 2289
  • 27 August 2025 - 16:24
آیت اللہ جوادی آملی: اصل ہجرت “علم سے معلوم کی طرف” ہے

آیت اللہ جوادی آملی: اصل ہجرت “علم سے معلوم کی طرف” ہے

 شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے اپنے ایک درسِ اخلاق میں “ہجرتِ عظیم” کے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسان کے علمی سفر کی مختلف منزلیں ہیں، مگر اصل کامیابی اس وقت ہے جب انسان علم کے ذریعے براہِ راست حقیقت تک رسائی حاصل کرے۔

انہوں نے کہا کہ “ہم میں سے اکثر افراد حوزاتِ علمیہ یا یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور کبھی کبھار اپنے علم پر عمل بھی کرتے ہیں، لیکن یہ صرف ابتدائی مرحلہ ہے، یہ وہ چراغ نہیں جو بند دروازے کھولے بلکہ کھلی فضا میں قدم رکھنے جیسا ہے۔”

آیت اللہ جوادی آملی کے مطابق جہالت سے علم کی طرف حرکت کرنا اور عالِم بننا “ہجرتِ صغری” اور “جہادِ اصغر” ہے، جبکہ ایک علم سے دوسرے علم کی طرف بڑھ کر أعلم ہونا بھی محض علمی دائرے کے اندر سفر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی:

“عالِم وہ ہے جو جہالت سے نکل کر کچھ حقائق سمجھتا ہے، أعلم وہ ہے جو انہی سمجھی ہوئی باتوں کو بنیاد بنا کر مزید پوشیدہ نکات کو کشف کرتا ہے۔ مگر دونوں ابھی بھی مفاہیم اور الفاظ کے اندر محدود رہتے ہیں، حقیقت تک براہِ راست رسائی انہیں حاصل نہیں ہوتی۔”

انہوں نے اس کے برعکس “ہجرتِ وسطا” اور “جہادِ اوسط” کو اصل منزل قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں انسان “علم سے معلوم” کی طرف حرکت کرتا ہے۔

“ایسا انسان صرف کتابی علوم یا مفاہیم میں الجھا نہیں رہتا بلکہ اس حقیقت تک پہنچنے کی جستجو کرتا ہے جس کی طرف یہ مفاہیم اشارہ کرتے ہیں۔ وہ علم کو وسیلہ بناتا ہے تاکہ براہِ راست خارج اور حقیقت کا مشاہدہ کر سکے۔”

آیت اللہ جوادی آملی نے طلبہ اور محققین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی علمی جدوجہد کو صرف پڑھنے اور جاننے تک محدود نہ رکھیں بلکہ حقیقی ہجرت کی طرف بڑھیں، یعنی علم کو حقیقت تک پہنچنے کا ذریعہ بنائیں۔

مختصر لنک: https://www.siraat-times.com/?p=2289

ٹیگز

تبصرے