40

شہادتِ امام رضا علیہ السلام اور ظالم حکومتوں کا خوف

  • نیوز کوڈ : 2269
  • 24 August 2025 - 19:48
شہادتِ امام رضا علیہ السلام اور ظالم حکومتوں کا خوف

شہادتِ امام رضا علیہ السلام اور ظالم حکومتوں کا خوف

 سید عمار حیدر زیدی قم

یوم شہادتِ امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظالم حکومتیں ہمیشہ اہلِ بیت علیہم السلام کی روشنی سے خوفزدہ رہی ہیں۔ مأمون عباسی نے امام کو دربار میں بلایا، انہیں ولی عہدی کی پیشکش کی، مگر درحقیقت اس کا مقصد امام کی مقبولیت اور علمی عظمت کو قابو میں کرنا تھا۔ لیکن جب دیکھا کہ امامؑ کا علم، اخلاق اور ولایت کا پیغام عوام کے دلوں کو جیت رہا ہے تو انہیں زہر دے کر شہید کر دیا گیا۔

تاریخ کا یہ المیہ ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ زیادہ تر حکومتیں ہمیشہ شیعہ مکتبِ فکر سے خوفزدہ رہی ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہ مکتب صرف عبادت کا درس نہیں دیتا بلکہ ظلم کے خلاف کھڑا ہونے، حق کے ساتھ وفاداری اور باطل کے تخت کو ہلانے کا حوصلہ دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے اکثر حکمران اہل تشیع کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں—کہیں جبر کے ذریعے، کہیں فرقہ واریت کے ذریعے، اور کہیں امتیازات دے کر انہیں وقتی طور پر خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایک بیدار قوم کو ہمیشہ کے لیے دبایا نہیں جا سکتا۔ امام رضا علیہ السلام کی شہادت دراصل اس پیغام کی یاد دہانی ہے کہ حق کی آواز کو قتل تو کیا جا سکتا ہے مگر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

آج ہمیں خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ کیا ہم اپنے امامِ وقت حضرت مہدی عجل اللہ فرجہ کے ساتھ وہی رویہ تو نہیں اپنائے ہوئے جو تاریخ میں امت نے امام رضاؑ اور دیگر معصومینؑ کے ساتھ کیا؟

اگر ہم واقعی ولایت کے پیروکار ہیں تو ہمیں اپنے اعمال، کردار اور اجتماعی بیداری کے ذریعے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ظالم حکومتوں کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے۔

 السلام علیک یا مولای یا علی بن موسیٰ الرضا المرتضی، یا غریب الغرباء، یا معین الضعفاء

مختصر لنک: https://www.siraat-times.com/?p=2269

ٹیگز

تبصرے