اسلام آباد (صراط ٹائمز)
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بین الاقوامی یومِ انسانیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج پوری دنیا جن حالات و مسائل کا شکار ہے اس کی بنیادی وجہ خود انسان کی ہوس، لالچ اور خونخواری ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ خالقِ حقیقی نے مختلف ادوار میں انبیاء، اوصیاء اور برگزیدہ بندوں کے ذریعے ایک ہی آفاقی پیغام انسانیت کی نجات اور فلاح کے لیے عطا فرمایا، مگر افسوس کہ شیطانی صفت عناصر نے ہمیشہ طمع و لالچ اور خونخواری کے ذریعے اس پیغام کو مسخ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین بالخصوص غزہ کی صورتحال اسی حقیقت کا سب سے بڑا مظہر ہے جہاں بے گناہ کم سن بچوں کا خون بہایا جا رہا ہے، نسل کشی اور جبری قحط مسلط کیا گیا ہے جبکہ نام نہاد مہذب دنیا اس ظلم کے سامنے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جب انسان کی ہوس اور لالچ انفرادی سطح سے بڑھ کر معاشروں اور ریاستوں میں منتقل ہو جائے تو تباہی لاتی ہے۔ استعمار نے ہیروشیما و ناگاساکی سے لے کر افغانستان اور عراق تک دنیا کو خون میں نہلایا، اور پھر اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو دوام بخش کر انسانیت کی تذلیل کی۔
انہوں نے کہا کہ آج فلسطین اور خصوصاً غزہ میں جاری درندگی اور دہشت گردی کی انتہا یہ ہے کہ کم سن بچوں تک کو نہ چھوڑا گیا، مگر عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ استعماری قوتوں کے سامنے بے بس ہو کر صرف “یوم منانے” تک محدود ہو چکی ہے، جو انسانیت کے ساتھ ایک المیہ ہے۔
