حضرت آیتالله العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے عید قربان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں فرمایا کہ یہ دن حضرت ابراہیمؑ کی بے مثال اطاعت، تقویٰ، اور ایثار کی عظیم یادگار ہے۔ یہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر مؤمن کے لیے ایک عملی درس اور روحانی پیغام رکھتا ہے۔
انہوں نے فرمایا ، “عید قربان اس نمایاں صفت کی علامت ہے کہ حضرت ابراہیمؑ آنے والی تمام نسلوں کے لیے ‘اسوہ’ (نمونۂ عمل) اور تمام خالص دلوں والے، خدا کے عاشقوں کے لیے ‘قدوہ’ (رہنما) بن گئے۔”
آیتالله مکارم شیرازی کے مطابق، حضرت ابراہیمؑ کا یہ عمل نفس کے خلاف جہاد، توکل علی اللہ، اور خالص بندگی کی عظیم مثال ہے۔ ہر سال لاکھوں مسلمان اس قربانی کی یاد مناتے ہیں تاکہ وہ اپنے اندر ایثار، اطاعت اور تقویٰ کو زندہ کر سکیں۔
آیت اللہ مکارم شیرازی کا کہنا تھا کہ عید قربان ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے ہر چیز قربان کی جا سکتی ہے۔ حضرت ابراہیمؑ کا مقام ہمیں سکھاتا ہے کہ اطاعت میں کمال، دل کی خلوص اور عمل کی گہرائی میں ہے۔
انہوں نے مزید فرمایا : ہمیں چاہیے کہ ہم بھی اپنے اندرونی ابراہیمی جوہر کو بیدار کریں، اور صرف رسم نہیں بلکہ روحِ قربانی کو اپنائیں۔
